ریاض یکم اگست (ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا) سعودی عرب کی قیادت میں دہشت گردی کے خلاف چار عرب ممالک نے بین الاقوامی فضائی سروس کی سلامتی کے پیش نظر قطری مسافر بردار ہوائی جہازوں کو مخصوص فضائی روٹس استعمال کرنے کی اجازت دے دی ہے۔ سعودی عرب کی جنرل سول ایوی ایشن اتھارٹی نے اتوار کے روز جاری کردہ ایک بیان میں کہا ہے کہ متحدہ عرب امارات، بحرین مصر کے ساتھ مشاورت کے بعد قطری ہوائی جہازوں کو خلیجی ملکوں میں مخصوص نوروٹس اور فضائی گذرگاہوں کو استعمال کرنے کی اجازت دی ہے۔ اس سے قبل قطری فضائی سروس پر ان روٹس کے استعمال پرپابندی عاید تھی۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ قطری فضائی کمپنیوں کے مسافر بردار جہازوں کو مخصوص روٹس استعمال کرنے کی اجازت دینے کا مقصد بین الاقوامی فضائی سفر کو محفوظ بنانا اور اس ضمن میں فضائی سفری حقوق کے بین الاقوامی ادارے ایکاؤ کی سفارشات اور اس کے ساتھ طے پائے معاہدوں پر عمل درآمد کو یقینی بنانا ہے۔بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ قطری ہوائی جہاز مصر کے زیرانتظام بحیرہ روم کی ایک گذرگاہ کو یکم اگست کے بعد استعمال کرسکیں گے جب کہ دیگر گذرگاہیں خلیجی ملکوں کی فضائی حدود کے اندر ہیں جن سے قطری طیاروں کو گذرنے کی منظوری دے دی گئی ہے۔
خیال رہے کہ ڈیڑھ ماہ قبل سعودی عرب نے دوحہ کا سفارتی بائیکاٹ کردیا تھا اور اس بات کا الزام لگایا تھا کہ قطرملک؛ سعودی عرب، بحرین، متحدہ عرب امارات اور مصر میں دہشت گردوں کی پشت پناہی کرتا ہے اور انہیں مالی معاونت فراہم کرتا ہے۔ تاہم قطرنے ان الزامات کو مسترد کردیا تھا۔